مظاہرین کی تازہ ترین صورتحال: تحریک لبیک کے ممکنہ مارچ پر
لاہور تا اسلام آباد جی ٹی روڈ مکمل بند
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ممکنہ احتجاجی مارچ کے پیش نظر کالا شاہ کاکو کے قریب جی ٹی روڈ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان ٹریفک کا رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مظاہرین نے رات بھر شاہدرہ پل پر قیام کیا، اور آج ان کی پیش قدمی کالا شاہ کاکو کی سمت متوقع ہے۔ اس فاصلہ تقریباً 12 سے 15 کلومیٹر ہے اور انتظامیہ نے راستوں پر بھاری کنٹینرز رکھ دیے ہیں تاکہ مظاہرین کی پیش قدمی محدود رہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہنگامی بنیادوں پر تعینات ہیں۔ مسافروں، طلبہ اور شہریوں کو جی ٹی روڈ بندش کے باعث آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کالا شاہ کاکو کے مقام نالہ ڈیک پر جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، یہ اقدام شہریوں کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، جہلم اور کھاریاں کے مقامات پر بھی جی ٹی روڈ پر رات گئے خندقیں کھودی گئی ہیں تاکہ ممکنہ مارچ کے دوران قافلوں کو روکا جا سکے۔ مقامی اہلکاروں کے مطابق، دریائے جہلم کے دونوں پلوں پر تقریباً 30 فٹ گہری اور 20 فٹ چوڑی خندقیں کھودی گئیں جبکہ دن کے وقت راستوں کو کنٹینرز سے بھی سیل کر دیا گیا۔
ان اقدامات سے لاہور، گوجرانوالہ، کھاریاں، جہلم اور اسلام آباد کے درمیان ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے، جس سے شہریوں میں اضطراب بڑھ رہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اقدامات عوامی تحفظ کے لیے ہیں، تاہم شہریوں نے ان پابندیوں سے شدید مشکلات کی شکایت کی ہے۔
وفاقی و
صوبائی حکام کی ہدایت پر تمام حساس مقامات پر پولیس گشت بڑھا دیا گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی احتجاج سے متعلق اطلاعات پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
Comments
Post a Comment